اسلام آباد: پاکستان میں پہلی مرتبہ عالمی سطح پر حسنِ قرأت کا مقابلہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے نہ صرف ملک کی مذہبی و ثقافتی اہمیت اجاگر ہوگی بلکہ دنیا بھر کے نوجوان قراء کرام کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی ملے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ انتظام 24 نومبر سے 29 نومبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ وزارت نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور ابتدائی مراحل میں مختلف ممالک سے رابطے بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عالمی مقابلے میں 57 برادر ممالک کے نوجوان قراء شرکت کریں گے، جو نہ صرف اپنی بہترین قرأت کے فن کا مظاہرہ کریں گے بلکہ اسلامی دنیا میں قرآنی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔اہم ذرائع نے مزید بتایا کہ تقریب تقسیمِ انعامات ایک شاندار انداز میں منعقد کی جائے گی، جس میں عالمی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل او آئی سی اور امام کعبہ کی خصوصی آمد بھی متوقع ہے جو اس تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس نوعیت کے عالمی مقابلے سے نہ صرف مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔








