لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار امریکی ڈالر مقرر کرنے کی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دے دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے فہمید نواز کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی اور ابتدائی دلائل سننے کے بعد اسے مسترد کردیا۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت ایسی درخواستیں سننے کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی اور نہ ہی یہ فورم اخباری سرخیوں کے لیے درخواستیں دائر کرنے کی جگہ ہے۔ عدالت نے کہا کہ کم از کم اجرت کا تعین پالیسی کا معاملہ ہے، جو متعلقہ حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے، عدالت اس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ موجودہ کم از کم اجرت عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے، لہٰذا اسے ایک ہزار ڈالر کے برابر مقرر کیا جائے۔ تاہم عدالت نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔








