وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں عالمی سطح پر نمایاں سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ وہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس کا موضوع تھا "پاکستان کی سفارتی کامیابیاں”۔

عطاء اللہ تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آج ایک مضبوط اور متوازن سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں محض الفاظ کا کھیل نہیں بلکہ مسلسل محنت، درست حکمتِ عملی اور مؤثر سفارتی عمل کا نتیجہ ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے فارن سروس افسران نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔ ان کے بقول، “ہماری فارن سروس کی عظیم روایات ہیں، جن پر ہمیں فخر ہے۔ مجھے فخر ہے کہ ہمارے سفارتکار آج بھی انہی روایات کو بخوبی آگے بڑھا رہے ہیں۔ ”انہوں نے کہا کہ سفارت کاری ایک فن ہے جو صرف سیکھنے سے نہیں بلکہ تجربے، فہم اور مسلسل محنت سے حاصل ہوتا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ “دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنے ہزاروں شہریوں اور اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مگر افسوس کہ ہم پر الٹا دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزامات لگائے گئے۔”

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کے فوراً بعد بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کر دیا، حالانکہ پاکستان خود اس عفریت کا سب سے بڑا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موقف کو دوست ممالک نے بھی تسلیم کیا اور سفارتی کوششوں کے باعث دنیا بھر سے پاکستان کو بھرپور حمایت ملی۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی، جو شفافیت اور امن پسندی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ایک بار پھر اپنی دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے کہا کہ “ہم نے اپنے سے چار گنا بڑی طاقت کو شکست فاش دی، ہماری مسلح افواج نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اور معرکہ حق میں ہماری فضائیہ کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔”عطاء اللہ تارڑ نے بھارتی رویے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح جارحانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ “ہماری کوسٹ گارڈ نے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک ملاح کو گرفتار کیا، جس نے خود اعتراف کیا کہ وہ بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں استعمال ہو رہا تھا۔”انہوں نے کہا کہ بھارت کا میڈیا جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف رہا، مگر پاکستان کے میڈیا نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے دنیا کی توجہ حاصل کی۔ “بیانیے کی اس جنگ میں ہم نے حقائق اور سچائی کے ذریعے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں۔”

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران معاشی اسٹریٹجک فریم ورک کا اجراء ایک بڑی پیشرفت ہے۔ “اب ہمارا ہدف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، اور وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط کو مضبوط بنانا ہماری ترجیح ہے۔”اکستان نے نہ صرف سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں بلکہ معاشی اور دفاعی میدان میں بھی نئی بلندیوں کو چھونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔“ہم نے دوستی، امن، اور ترقی کا بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا ہے، اور اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام دیا جائے جس کا وہ مستحق ہے۔”

Shares: