29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارتی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کا ارتکاب کیا۔ یہ حملہ کیانی اور منڈل سیکٹرز پر کیا گیا، جہاں بھارتی فورسز نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے سویلین علاقوں اور پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

پاک فوج نے دشمن کی اشتعال انگیزی کا بروقت اور بھرپور جواب دیا۔ جوابی کارروائی میں چکپترا پوسٹ سمیت بھارتی افواج کی متعدد چوکیوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جس سے دشمن کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔بھارت کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں کسی پاکستانی فوجی یا شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، جبکہ جوابی کارروائی کے بعد دشمن کی جانب سے خاموشی چھا گئی ہے۔

پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ لائن آف کنٹرول پر امن قائم رکھنے کی ذمہ داری بھارت پر ہے، اور اگر اُس نے دوبارہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کی تو اُسے پہلے سے زیادہ سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔یہ حالیہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بھارت ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان کی مسلح افواج ملکی سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح مستعد اور چاق و چوبند ہیں۔

Shares: