پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما، رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ بھارت کی جلدبازی اور غیر ذمہ دارانہ جارحیت کے برعکس، پاکستان نے تحمل، دانائی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک شاندار عسکری فتح حاصل کی۔ اس تاریخی کامیابی کے پیچھے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت اور منصوبہ بندی کارفرما رہی۔
سحر کامران کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اس اسٹریٹیجک کامیابی کے معمار کے طور پر سامنے آئے۔ اُن کی مدبرانہ قیادت، پختہ حکمتِ عملی اور بروقت فیصلوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔وہیں سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تدبر اور متوازن سفارت کاری کی ضرورت تھی، بلاول کی قائدانہ صلاحیتیں، فصیح اندازِ گفتگو اور حب الوطنی نے پاکستان کا امیج مضبوط کیا اور عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔
سحر کامران کا کہنا تھا کہ دشمن کی جارحیت کے خلاف عظیم فضائی آپریشن میں، پاک فضائیہ کے جری پائلٹس نے نہ صرف بھارتی دفاعی نظام کو شکست دی بلکہ دشمن کے علاقے میں کامیاب ہدفی حملے بھی کیے۔ دنیا کی سب سے بڑی جدید فضائی لڑائی میں 42 پاک فضائیہ کے طیارے 72 بھارتی جنگی طیاروں کے مقابل صف آرا ہوئے۔ یہ تاریخی فضائی جنگ 59 منٹ تک جاری رہی جس میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔پاک فضائیہ نے اس آپریشن میں بھارتی فضائیہ کے چھ جنگی طیارے تباہ کیے، جن میں تین رافیل طیارے شامل تھے جنہیں بھارتی حکام "گیم چینجر” قرار دیتے تھے۔ اس کے علاوہ دو Su-30 اور ایک MiG-29 بھی مار گرائے گئے۔مئی 2025 کے یہ دن نہ صرف ایک عسکری فتح بلکہ قومی حمیت، اتحاد اور احیائے نو کا نشان بن چکے ہیں، جنہیں برسوں تک یاد رکھا جائے گا۔