نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔ پاکستان سلامتی کونسل کی آٹھویں مدت (2025–26) کے دوران صدر منتخب ہوا۔
محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قانون اور کثیرالجہتی اصولوں کے لیے پُرعزم ہے۔ عالمی تنازعات اور انسانی بحرانوں کے تناظر میں پاکستان کی قیادت ایک اہم موقع پر سامنے آئی ہے، پاکستان سلامتی کونسل کو مؤثر، بامعنی اور سفارت پر مبنی فیصلوں کی طرف لے جانے کا عزم رکھتا ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کے درمیان تعاون پر ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی پاکستان کرے گا،امن و سلامتی، تنازعات کے حل اور کثیرالجہتی عالمی نظام پر اہم دستخطی تقریبات پاکستان کی زیرصدارت ہوں گی۔ فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی کھلے مباحثے کی صدارت بھی پاکستان کرے گا،پاکستان تمام رکن ممالک کے ساتھ متوازن اور مؤثر نتائج کے لیے تعاون کا خواہاں ہے۔