اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو قرض کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی رقم منتقل کر دی ہے، جس کی باضابطہ تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے تازہ اعلامیے میں کی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) کے تحت ایک ارب ڈالر جب کہ ریزلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے تحت 20 کروڑ ڈالر موصول ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ رقم 1.2 ارب ڈالر بنتی ہے، جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اہم اضافہ ہے۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ 20 کروڑ ڈالر کی رقم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، ماحول دوست منصوبوں کی بہتری اور پائیدار ترقی کے اہداف میں معاونت کے لیے جاری کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے حال ہی میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام کی منظوری دی تھی، جس کے تحت یہ پہلی بڑی قسط پاکستان کو ادا کی گئی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق یہ ادائیگی پاکستان کے مالیاتی استحکام، کرنسی مارکیٹ اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔حکومتی ذرائع کے مطابق آنے والے مہینوں میں اصلاحاتی پروگرام کے تسلسل اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی صورت میں آئی ایم ایف سے مزید قسطوں کی وصولی بھی متوقع ہے۔








