پاکستان اور روس نے پاکستان اسٹیل ملز کراچی کی بحالی اور جدید کاری کے لیے ایک پروٹوکول پر دستخط کیے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی صنعتی شراکت داری کو مزید تقویت ملی ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان ایمبیسی، ماسکو میں پاکستان کی طرف سے صنعت و پیداوار کے سیکرٹری جناب سیف انجم اور روسی وفد کی طرف سے انڈسٹریل انجینئرنگ ایل ایل سی کے ڈائریکٹر جناب وادم ویلیچکو نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی جناب ہارون اختر خان اور پاکستان کے روس میں سفیر جناب محمد خالد جمالی بھی موجود تھے۔
اس منصوبے کا مقصد اسٹیل کی پیداوار کو دوبارہ شروع کرنا اور اس میں توسیع کرنا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کا ایک نیا باب ہے۔ جناب ہارون اختر خان نے کہا، "روس کے تعاون سے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی ہماری مشترکہ تاریخ اور مضبوط صنعتی مستقبل کے عزم کی عکاس ہے۔”،1973 میں سوویت یونین کے تعاون سے تعمیر ہونے والی پاکستان اسٹیل ملز، پاکستان اور روس کے تعلقات کی ایک پائیدار علامت ہے۔








