پاکستان نے بھارتی میڈیا کی جانب سے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو مسترد کیا ہے جن میں پاکستان پر پٹھانکوٹ، سری نگر پر حملے کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ الزامات مکمل طور پر بے بنیاد، سیاسی طور پر محرک اور پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے چلائی جانے والی ایک بے ہودہ پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں۔پاکستان پر الزامات عائد کرنے کا بار بار کا عمل، بغیر کسی مستند تحقیقات کے، اس بات کا غماز ہے کہ بھارت نے جارحیت کا جواز فراہم کرنے کے لیے دانستہ طور پر یہ حکمت عملی اختیار کی ہے تاکہ خطے میں مزید بے چینی پیدا کی جا سکے۔ایسی کارروائیاں نہ صرف خطے کے امن کو مزید خطرے میں ڈالتی ہیں بلکہ یہ اس بات کا بھی اشارہ دیتی ہیں کہ بھارت سیاسی اور فوجی مقاصد کے لیے غلط معلومات کا بے رحمانہ استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس خطرناک رویے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو تحمل اور ذمہ داری کی طرف رہنمائی کرے۔
ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹے الزامات کی بنیاد پر کسی بھی قسم کی کشیدگی کا سامنا پاکستان اپنے حق میں تمام قوت اور عزم کے ساتھ کرے گا تاکہ اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔پاکستان امن کا حامی ہے اور ہمیشہ امن کی کوششوں میں مصروف ہے لیکن یہ کسی بھی طرح کے پروپیگنڈہ یا دھمکیوں سے متاثر نہیں ہوگا اور وہ اپنی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔پاکستان ان الزامات کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کرتا ہے۔