سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض): پاکستان سرجیکل ایسوسی ایشن (SIMAP) اور انٹر ٹیک پاکستان (INTERTEK) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں انٹر ٹیک پاکستان ڈیسک کا افتتاح بھی کیا گیا۔
تقریب کا انعقاد پاکستان سرجیکل ایسوسی ایشن کے علامہ اقبال ہال میں ہوا، جہاں چیئرمین پاکستان سرجیکل ایسوسی ایشن ذیشان طارق شیخ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انٹر ٹیک پاکستان کے عمر خیام اور ان کی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب میں سینیئر وائس چیئرمین سلیمان علی مغل، وائس چیئرمین عبدالمومن، چیئرمین MDR کمیٹی جمیل خان، سلیمان راشد اقبال، عثمان علوی، عمر شہباز اور ندیم انور نے خطاب کیا۔ معاہدے کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ معاہدہ سرجیکل انڈسٹری کے لیے انقلابی اقدام ہے، جس کے تحت آلاتِ جراحی کی ٹیسٹنگ اور ویریفکیشن میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سے پاکستان میں بننے والے سرجیکل آلات کی عالمی منڈی میں مانگ اور برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔
افتتاحی تقریب کے بعد پاکستان سرجیکل ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذیشان طارق شیخ، انٹر ٹیک کے عمر خیام اور دیگر عہدیداران نے سیالکوٹ میں ٹیسٹنگ سہولیات کے لیے انٹر ٹیک پاکستان ڈیسک کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ شرکاء نے اس اقدام کو پاکستان کی سرجیکل انڈسٹری کی ترقی اور جدت کی جانب اہم قدم قرار دیا۔