پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بحری رابطوں کو فروغ دینے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان فیری سروس کے آغاز پر غور کیا جارہا ہے، جو نہ صرف عوامی سطح پر روابط کو بڑھائے گی بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی نیا باب کھولے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری سے ترک وزیرِ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے جہاز سازی (Shipbuilding)، آپریشنز اور شپ بریکنگ (Ship Breaking) کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے ترک سرمایہ کاروں کو گوادر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، اس موقع پر ترک وزیر نے بتایا کہ جلد ہی ترک سرمایہ کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ مختلف منصوبوں پر عملی پیش رفت کی جاسکے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مجوزہ فیری سروس سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیاحت، تجارت اور ثقافتی تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔ یہ منصوبہ مستقبل میں خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی ایک نئی تجارتی راہداری ثابت ہوسکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ فیری سروس شروع ہوجاتی ہے تو یہ نہ صرف دو برادر ممالک کے تعلقات میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی بلکہ پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھول دے گی۔








