پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے حال ہی میں امریکہ سے لندن واپس پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی، جس میں انہوں نے وفاقی حکومت کی کارکردگی اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق میں شہباز شریف اور پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں حکومت نے بہترین کام کیا ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔نواز شریف نے کہا کہ "پاکستان ٹریک پر واپس آرہا ہے” اور معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، جس کے باعث مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی خریداری پر غور کیا جا رہا ہے، اور اگر یہ منصوبہ عمل میں لایا گیا تو ملک کو ایک اچھی ایئر لائن کی سہولیات میسر آئیں گی۔
سابق وزیراعظم نے شہباز شریف کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات کام کر رہے ہیں اور اس کی وجہ سے بہتری آئی ہے۔ نواز شریف نے مریم نواز کے بارے میں بھی کہا کہ وہ پنجاب میں بہترین کام کر رہی ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ غریب عوام کی زندگی آسان بنائی جائے۔نواز شریف نے پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت ہے”، اور انہوں نے اپنے دور حکومت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت معیشت مستحکم تھی اور ترقی کی رفتار تیز تھی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں اقتدار سے ہٹا دیا گیا، اور اس فیصلے کے نتیجے میں عوام کا جو ردعمل آنا چاہئے تھا، وہ نہیں آیا۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کے دور میں ملک نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، لیکن موجودہ حکومت کی قیادت میں آئی ایم ایف کو دوبارہ شامل کیا گیا، جس کے نتیجے میں ملک اقتصادی بدحالی کے گڑھے میں جا گرا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان کے حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں، اور ملک میں معاشی اشاریے بھی بہتر ہو رہے ہیں۔انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ "میرے دور حکومت میں بل 1600 روپے تک آتا تھا، لیکن آج یہ بل 15 سے 20 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ یہ ایک ظلم ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔” نواز شریف نے یہ بھی بتایا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں اور اسٹاک مارکیٹ تاریخی سطح کو چھو رہی ہے۔ نواز شریف نے پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے مریم نواز کی محنت کو سراہا اور کہا کہ وہ مشاورت کے ذریعے معاملات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ جب انہیں ترقیاتی کاموں کے ثمرات نظر آئیں گے تو وہ مطمئن ہوں گے، اور یہ کہ اگر یہ عمل اسی طرح جاری رہا تو مشکلات جلد آسان ہوں گی۔

Shares: