تیسرا ٹی 20 پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا
آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا۔ ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 117 رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا۔ تاہم شاہین آفریدی نے ابتدائی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 16 رنز پر میتھیو شارٹ کو آؤٹ کیا۔ اسی دوران جہانداد خان نے جیک فریسر کو 30 کے مجموعے پر پویلین واپس بھیج دیا۔آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے، جنہوں نے 27 رنز بنائے اور عباس آفریدی کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد مارکس اسٹوئنس اور ٹم ڈیوڈ نے بہترین شراکت داری قائم کی۔ اسٹوئنس نے 27 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ ٹم ڈیوڈ 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو کامیابی دلائی۔
آسٹریلیا کی اس فتح کے ساتھ سیریز کا اختتام پاکستان کے لیے مایوس کن رہا، جبکہ میزبان ٹیم نے اپنی بہترین کارکردگی سے شائقین کو محظوظ کیا۔
قبل ازیں تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف صرف 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا۔ تاہم، صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکامی کا شکار ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ حسیب اللہ نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نصف سنچری بنانے والے عثمان خان اس بار صرف 3 رنز پر آؤٹ ہو گئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف 1 رن بنا سکے۔سابق کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے، مگر وہ ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ عرفان خان 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ عباس آفریدی اور صفیان مقیم ایک، ایک رن بنا سکے۔ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 5 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ہوبارٹ میں جاری تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کپتان محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے، اور ان کی جگہ نوجوان وکٹ کیپر حسیب اللہ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں کینگروز نے 13 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان آج کے میچ میں اپنی کارکردگی بہتر بنا کر فتح حاصل کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ سیریز کا اختتام مثبت انداز میں ہو۔