راولپنڈی(باغی ٹی وی رپورٹ) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کا دورہ چیمبر آف کامرس، تجارتی مواقع پر بریفنگ
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بزنس کمیونٹی کو سعودی عرب میں موجود تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سفیر احمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیکٹر، خاص طور پر چاول، گوشت، ٹیکسٹائل، ماربل، فارما، اسٹیل، کنسٹرکشن، پلاسٹک شوز اور آئی ٹی کے شعبے میں پاکستانی تاجروں کے لیے ایکسپورٹ کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی مارکیٹ میں سمندری خوراک، ہوٹل اور ہاسپیٹیلٹی سیکٹر میں روزگار کے وسیع امکانات بھی دستیاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں 90 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں کام کر رہی ہیں، جبکہ پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے حجاج کے لیے حلال احرام کی سپلائی ایک منفرد موقع فراہم کر سکتی ہے۔
تقریب میں آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔
سفیر احمد فاروق نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب میں سمندری خوراک کی برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کو سعودی تجارتی نمائشوں کی تیاری جلد شروع کرنے کی تلقین کی اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی سفارت خانہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔