پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ، لاہورپریس کلب اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے زیر اہتمام لاہورپریس کلب میں دفاع وطن اور میڈیا کے کردار کے موضوع پر تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان تھے۔
تقریب میں پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل وصدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر ، پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،جوائنٹ سیکرٹری لاہور پریس کلب عمران شیخ ،فنانس سیکرٹری سالک نواز ، اراکین گورننگ باڈی سرمد فرخ خواجہ ، رانا شہزاد احمد اور الفت حسین مغل سمیت سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہورپریس کلب ارشد انصاری نے کہاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے جس تدبر اور جرات کا مظاہرہ کیا وہ جذبہ قابل تحسین ہے جبکہ ہمسائیہ ملک کے میڈیا نے اس جنگ میں بنیادی صحافتی اصولوں کو پس پشت ڈال کر ساری دنیا میں اپنی جگ ہنسائی کرائی ، پاکستان کا میڈیا افواج پاکستان اور حکومت کیساتھ کھڑا ہے اور ہماری بہادر افواج نے چند گھنٹوں میں بھارتی افواج کو مار بھگایا۔
پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم حنیف کا کہناتھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی اور بقاءکے معاملے پر صحافی صف اول میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر کا کہنا تھاکہ دنیامیں بھارتی میڈیا اپنے ہی ملک کے لئے ہزیمت کا باعث بنا جبکہ پاکستان کے باشعور میڈیا نے پہلگام واقعہ سے لیکر 10 مئی تک حالات کا صحیح رخ بین الاقوامی برادری کے سامنے رکھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاکہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا پاکستانی میڈیا نے جنگی حالات میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،جنگ کے دنوں میں پوری قوم کو متحد دیکھاجو سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے بات کرنا پسند نہیں کرتی تھیں ملک کی بقاءکی بات آئی تو حکومت اور فوج کے پیچھے ان کو کھڑے دیکھا،اگر ہمیں اتحاد کا موقع ملا ہے تواب اس کوکھونا نہیں چاہیے۔اس موقع پرصدر ارشد انصاری نے لاہور پریس کلب کی جانب سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کو یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے۔








