بنکاک: تھائی لینڈ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جہاں ایک چینی خاتون مسافر نے الزام لگایا کہ پاکستانی نوجوان نے اسے مبینہ طور پر چھوا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل سائٹ "ریڈاٹ” پر شیئر ہوتے ہی تیزی سے وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین میں شدید بحث چھڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند مردوں نے ایک پاکستانی نوجوان کو پکڑ رکھا ہے جس دوران چھڑانے کی کوشش میں اس کی شرٹ بھی پھٹ جاتی ہے۔ دوسری جانب چینی خاتون بار بار اپنا الزام دہراتی رہی اور کہتی سنائی دیتی ہے کہ "اس نے میرے جسم کو چھوا ہے، پولیس کو بلاؤ۔”الزام کا نشانہ بننے والے نوجوان نے اپنا نام احسن بتایا اور کہا "میں پاکستانی ہوں، میں نے آپ کو نہیں چھوا۔ اگر آپ کو برا لگا تو معذرت چاہتا ہوں۔”تاہم انگریزی نہ سمجھنے کی وجہ سے وہ بار بار ہاتھ جوڑ کر پولیس نہ بلانے کی درخواست کرتا رہا۔
چینی خاتون اپنے مؤقف پر ڈٹی رہی اور کہتی رہی کہ اسے تکلیف پہنچی ہے، لہٰذا صرف معافی کافی نہیں۔ ویڈیو کے آخر میں ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کو معاملہ سنبھالنے کے لیے مداخلت کرنا پڑتی ہے۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا خاتون نے آخرکار معذرت قبول کی یا پاکستانی نوجوان کو پولیس کیس کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم سوشل میڈیا پر اس واقعے نے مختلف آراء کو جنم دیا ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایئرپورٹ پر پاکستانیوں کو خاص احتیاط کرنی چاہیے، جبکہ دیگر کے مطابق بغیر شواہد کے کسی پر الزام لگانا بھی ایک سنگین مسئلہ ہے۔