پاکستانی روئرز نے تھائی لینڈ انٹرنیشنل روئنگ ریگاٹا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 گولڈ میڈلز سمیت 20 میڈلز اپنے نام کر لیے

تھائی لینڈ میں منعقدہ تین روزہ انٹرنیشنل روئنگ ریگاٹا میں پاکستانی روئرز نے کھیل کے شائقین کو فخر سے سرشار کر دیا۔ اس ایونٹ میں کل 8 ممالک کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا، لیکن پاکستانی ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کر لی۔پاکستانی دستے کی قیادت کوچ اصغر علی نے کی، جن کی رہنمائی میں ٹیم نے مختلف کیٹگریز میں 14 گولڈ، 4 سلور اور 2 برانز میڈلز حاصل کیے۔فرید محمد عارف نے سب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 6 گولڈ اور 2 سلور میڈلز حاصل کر کے ایونٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔عنایہ زیدی نے خواتین کی کیٹگری میں 5 گولڈ میڈلز جیت کر بہترین ویمن روئر کا خطاب حاصل کیا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کی صاحبزادی حوریا فیصل نے بھی ایک گولڈ میڈل جیت کر پاکستانی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

اس کامیابی پر پاکستانی کھلاڑیوں اور کوچ کو کھیل کی دنیا میں بھرپور تعریفیں مل رہی ہیں۔ یہ شاندار کارکردگی نہ صرف پاکستانی روئنگ کے لیے اعزاز کا باعث ہے بلکہ ملک کے لیے بھی کھیلوں میں نیا معیار قائم کرنے کی علامت ہے۔پاکستان روئنگ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں اسی جذبے اور محنت سے کامیابیاں حاصل کی جائیں گی۔

Shares: