پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ کھیلنے کے لیے دبئی سے ابوظبی پہنچ گئی ہے، جہاں کل سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق آج قومی ٹیم کی کوئی سرگرمی شیڈولڈ نہیں تھی، کھلاڑیوں نے ابوظبی پہنچنے کے بعد آرام کیا جبکہ کچھ کرکٹرز نے معمول کے مطابق انفرادی طور پر جم میں ٹریننگ کی۔خیال رہے کہ پاکستان سپر فور کے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کھا چکا ہے، اس لیے فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے منگل کو سری لنکا کو ہر حال میں شکست دینا ضروری ہے۔ قومی ٹیم کا اگلا میچ جمعرات کو بنگلادیش سے ہوگا۔

گزشتہ روز دبئی میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستانی بولرز 172 رنز کا دفاع نہ کرسکے اور بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں لگاتار چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔ یہ آٹھویں بار ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوا۔

Shares: