جدہ میں منعقد ہونے والے اے ٹی ایف انڈر 14 ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑی محمد حسن عثمانی نے شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے سنگلز اور ڈبلز دونوں کیٹگریز میں ٹائٹل جیت لئے۔
محمد حسن عثمانی نے سنگلز کے فائنل میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی، ترکمانستان کے سلیمان ہودیباردیو کو شکست دی۔ یہ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا، جس میں حسن عثمانی نے اپنی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-6 اور 1-6 کے اسکور سے اپنے حریف کو شکست دی۔ حسن عثمانی کی یہ جیت نہ صرف ان کی محنت کا ثمر ہے بلکہ ان کی ٹینس کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور اظہار ہے۔
ڈبلز کے فائنل میں بھی حسن عثمانی نے سلیمان ہودیباردیو کے ساتھ جوڑی بنائی اور سعودی عرب کے انس الزاہرانی اور سہیل التاجی الفاروق کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ یہ میچ بھی کافی دلچسپ تھا، جس میں حسن عثمانی اور ہودیباردیو کی جوڑی نے انس الزاہرانی اور سہیل التاجی الفاروق کو 7-5، 4-6 اور 10-8 سے شکست دی۔
اس ایونٹ کی اختتامی تقریب میں سپین کے ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ رافیل نڈال نے نہ صرف اپنے مداحوں کے ساتھ وقت گزارا بلکہ حسن عثمانی کو ان کی شاندار کامیابی پر ٹرافی بھی پیش کی۔ حسن عثمانی نے رافیل نڈال سے ٹرافی وصول کرتے ہوئے کہا: "رافیل نڈال سے ٹرافی وصول کرنا میرے لیے بڑا اعزاز ہے، یہ لمحہ ہمیشہ میرے دل میں رہیں گے۔”پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے بھی محمد حسن عثمانی کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حسن عثمانی کی جیت پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور اس سے ملک میں ٹینس کے کھیل کو فروغ ملے گا۔
محمد حسن عثمانی کی اس کامیابی نے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ ان کی محنت اور لگن کو بھی سراہا گیا۔ اس جیت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔