ساہیوال: ساہیوال کے تین نوجوانوں کو بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ کرکے تھائی لینڈ میں اغوا کر لیا گیا ہے۔ متاثرہ نوجوان عثمان امین، محمد احمد اور تجمل شہزاد اپنے فیصل آباد کے ایک دوست کے ساتھ 26 مئی 2025 کو تھائی لینڈ پہنچے تھے، جہاں سے انہیں اغوا کر کے میانمار منتقل کیا گیا۔
تینوں نوجوان بھارتی لڑکیوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں تھے جنہوں نے ان کا اعتماد جیت کر انہیں ہنی ٹریپ کیا۔ متاثرہ نوجوانوں کے والدین کا کہنا ہے کہ اسی بھارتی لڑکی نے تھائی لینڈ کے لیے ان نوجوانوں کے ٹکٹ بھیجے تھے، اور لاہور ایئرپورٹ پر نامعلوم افراد نے انہیں رخصت کیا تھا۔نوجوانوں کے والدین نے بتایا کہ میانمار سے اغواکاروں نے ان کی رہائی کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ والدین نے حکام سے فوری کارروائی اور اپنے بچوں کو بازیاب کرانے کی اپیل کی ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ہنی ٹریپنگ اور انسانی اسمگلنگ کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے، جس میں نوجوانوں کو فریب دے کر غیر ممالک میں لے جایا جاتا ہے اور پھر ان سے تاوان طلب کیا جاتا ہے۔ حکام کی جانب سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور نوجوانوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔