امریکی اور ڈچ حکام نے دنیا بھر میں سائبر کرائم کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 39 ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے جو ویب سائٹ ہیکنگ ٹولز اور مالی فراڈ میں ملوث تھیں۔
ان ویب سائٹس کی سرگرمیاں پاکستان سے چلائی جا رہی تھیں، اور یہ بین الاقوامی جرائم پیشہ گروپوں کو غیر قانونی ہیکنگ ٹولز فراہم کر رہی تھیں۔امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ان 39 سائبر کرائم ویب سائٹس اور ان کے سرورز کو بند کر دیا گیا ہے۔ یہ ویب سائٹس نہ صرف ہیکنگ ٹولز فراہم کر رہی تھیں بلکہ مالی دھوکہ دہی کے لیے بھی استعمال ہو رہی تھیں۔کارروائی امریکی محکمہ انصاف اور ڈچ نیشنل پولیس کے تعاون سے کی گئی۔ اس میں ایک مخصوص پاکستانی گروہ "صائم رضا گروپ” کو نشانہ بنایا گیا، جسے "ہارٹ سینڈر” بھی کہا جاتا ہے۔ یہ گروہ آن لائن مارکیٹ پلیسز کے ذریعے ہیکنگ ٹولز فروخت کرتا تھا اور ان ٹولز کے استعمال کے بارے میں ہدایات پر مبنی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کر چکا تھا۔
تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک 2020 سے سرگرم تھا اور اس دوران یہ گروہ امریکی شہریوں کو نشانہ بنا کر تقریباً 30 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا چکا تھا۔ ان ویب سائٹس پر ایسے ٹولز فروخت کیے جا رہے تھے جو فشنگ کٹس، اسکیمنگ پیجز اور ای میل ایکسٹریکٹرز جیسے ہیکنگ ٹولز پر مشتمل تھے۔ یہ ٹولز "کاروباری ای میل کمپرو مائز” (Business Email Compromise) فراڈ کے لیے استعمال کیے جاتے تھے، جس کے ذریعے کمپنیوں کو جعلی ادائیگیوں کے لیے دھوکا دیا جاتا تھا اور پیسے ہیکرز کے کنٹرول میں موجود اکاؤنٹس میں منتقل ہو جاتے تھے۔
امریکی محکمہ انصاف نے اس کارروائی کو دنیا بھر میں سائبر کرائم کے خاتمے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے نہ صرف امریکہ بلکہ عالمی سطح پر سائبر کرائمز کے خلاف لڑائی کو مزید تقویت ملے گی۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایسے جرائم پیشہ گروپوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے اور انہیں قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔یہ کارروائی اس بات کا غماز ہے کہ عالمی سطح پر سائبر کرائمز کے خلاف جنگ شدت اختیار کر گئی ہے اور اس کے خلاف بین الاقوامی سطح پر تعاون بڑھ رہا ہے۔
پاکستانیوں سمیت 7 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن امریکہ بدر
دین اسلام انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام پر مبنی ہے،وزیراعظم
فلاڈیلفیا: ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک