مزید دیکھیں

مقبول

پاکستان کی ہندو برادری کا بھارت کیخلاف احتجاج

کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہندو پنچایت کے زیر اہتمام بھارت مخالف ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس ریلی میں بھارت کی جارحیت اور جنگی جنون کی سخت مذمت کی گئی۔

ریلی کا آغاز آریا مندر سے ہوا، جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی۔ شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر اقلیتی امور کے لیے پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار نے ریلی کی قیادت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سنجے کمار نے کہا کہ "پاکستان پر الزام لگانا بھارت کی پرانی عادت ہے، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کرکے بھارت کو لاجواب کر دیا ہے۔”

سنجے کمار نے بھارت کی جانب سے جنگی جنون اور جھوٹے الزامات عائد کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اصل مجرموں کو تلاش کرنے کے بجائے بھارت کا جنگی جنون اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ واقعہ ایک فالس فلیگ آپریشن ہے۔”پارلیمانی سیکرٹری نے واضح کیا کہ "ہندو برادری سمیت تمام غیر مسلم پاکستانی اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قیمت پر اپنے وطن عزیز کا دفاع کریں گے۔” انہوں نے بھارت کے اندر اقلیتی برادریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "بھارت آج اقلیتوں اور بے گناہ انسانوں کی قتل گاہ بن چکا ہے، جبکہ پاکستان میں ہمیں مذہبی اور تمام شہری آزادیوں کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔”

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ "پاکستان ہمارا گھر ہے اور ہم جان دے کر اس کی حفاظت کریں گے۔” ریلی کے دوران شرکاء نے "پاکستان زندہ باد، بھارت مردہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ریلی میں شامل افراد نے بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور پاکستان کی سلامتی کے دفاع کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan