اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے منیر اکرم 80 سال کی عمر میں اپنے فرائض سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ انہوں نے وزارت خارجہ کے سینئر ترین ڈپلومیٹ کی حیثیت سے تقریباً دو دہائیوں تک اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
نیر اکرم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز 2002 میں کیا تھا اور اس عرصے میں انہوں نے عالمی فورمز پر پاکستان کے مفادات کا بھرپور دفاع کیا۔ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں کئی بار اپنے عہدے کی مدت میں توسیع دی گئی۔ اس مدت کے دوران انہوں نے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا بلکہ اقوام متحدہ کے مختلف فورمز پر پاکستان کی آواز کو بلند کیا۔منیر اکرم کی سبکدوشی کے بعد ان کی جگہ فرانس میں پاکستان کے سفیر، عاصم افتخار، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب کے طور پر ذمہ داری سنبھالیں گے۔ عاصم افتخار حال ہی میں 22 ویں گریڈ میں ترقی پا چکے ہیں اور اگلے ماہ اپنے نئے عہدے پر کام شروع کریں گے۔
یہ بھی اہم ہے کہ منیر اکرم کے طویل عرصے تک اسی عہدے پر رہنے کا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور انہیں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی حیثیت سے کام کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ اس دوران انہوں نے مختلف حکومتوں کے تحت اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی، جن میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف، شوکت عزیز، میر ظفر اللہ خان جمالی، آصف علی زرداری، عمران خان اور وزیراعظم شہباز شریف شامل ہیں۔
منیر اکرم کا شمار ان ڈپلومیٹس میں ہوتا ہے جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور اقوام متحدہ میں اس کی آواز کو مؤثر طریقے سے بلند کیا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور وہ پاکستانی سفارتکاری کی تاریخ میں ایک اہم شخصیت کے طور پر جانے جائیں گے۔