باغی ٹی وی.لنڈی کوتل کے مارشل آرٹس کھلاڑیوں نے روس کے شہر ماسکو میں بین الاقوامی سپورٹس ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر کے بڑا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے کیوکشن کان کراٹے کے دو کھلاڑی کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراٹے کے بین الاقوامی کوچ حیات نذیر شینواری اور نور اسلم شینواری نے بتایا کہ ان کے دو کھلاڑیوں حماد نذیر شینواری اور تحسین اللہ شینواری نے روس کے شہر ماسکو میں انٹرنیشنل کراٹے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے کم وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ دونوں کھلاڑی باقاعدہ جاپان کے ساتھ رجسٹرڈ اور پروفیشنل فائٹرز ہیں اور پاکستان کے نیشنل چیمپئن رہے ہیں۔
حیات نذیر شینواری نے بتایا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ماسکو بھیجا تھا، جہاں انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اس بین الاقوامی ایونٹ میں حصہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پر تنقید کی کہ یہ باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ تعاون نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ادارے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں تو یہ اسی طرح پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرتے رہیں گے۔