پاکپتن تھانہ صدرکے علاقہ اسحاق نگر میں بیوہ خاتون سے با اثر اوباش افراد نے ساتھیوں کی مدد سے زبردستی زیادتی کر لی، درخواست دینے کے با وجود ایس ایچ او تھانہ صدر کا مقدمہ درج کرنے سے گریز، خاتون اور اُس کے عزیزوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے نوٹس لے کر انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسحاق نگر کی رہائشی بیوہ کوثر پروین نے میڈیا کو بتایا کہ اُس کا خاوند کچھ عرصہ قبل وفات پا چکا ہے، اور اُس نے اپنی گزر اوقات کے لیے بیوٹی پارلر بنا رکھا ہے، ملزمان علی محمد ڈوگر، مرتضی عرف بفری ڈوگر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آ گئے دروازے پر دستک دی جب اُس نے دروازہ کھولا تو وہ اندر آ گئے اور اُسے قابو کر لیا اور رہائشی کمرہ میں لے جا کر علی محمد ڈوگر اور مرتضی نے گن پوائنٹ پر اُس سے زبردستی زیادتی کی اور دھمکیاں دیں کہ اگر کسی کو بتایا تو جان سے مار دیں گے اور چہرے پر تیزاب بھی پھینک دیں گے،

بعد ازاں گواہان کے آنے پر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، با اثر افراد کے خلاف قانونی کاروائی کے لیے تھانہ صدر پولیس کو درخواست دی گئی لیکن ایس ایچ او صدر مقدمہ درج نہیں کر رہا اور لیت و لعل سے کام لے رہا ہے کیونکہ زیادتی کرنیو الے با اثر افراد کا ایک قریبی عزیز پولیس میں انسپکٹر ہے جو مقدمہ کے اندراج میں رکاوٹ کا باعث بن رہا ہے،

مظلوم خاتون اور اُس کے قریبی عزیزوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، آئی جی پولیس پنجا ب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز، آر پی او ساہیوال شارق کمال، ڈی پی او پاکپتن عبادت نثار سے اپیل کی ہے کہ اُس کے ساتھ ہونیوالی زیادتی کا نا صرف مقدمہ درج کیا جائے بلکہ اُسے انصاف فراہم کیا جائے اور اُسے تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ با اثر ملزمان کی طرف سے دھمکیوں کا سلسلہ متواتر جاری ہے۔

Shares: