فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے اتحاد پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
باغی ٹی وی: جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ کا کہنا تھا کہ روس نے حماس سمیت فلسطین کے دیگر تمام گروپوں کو ماسکو مدعو کیا ہے، فسلطینی اتھارٹی کچھ شرائط کے ساتھ حماس سے اتحاد چاہتی ہے، ہمیں فلسطین کے اتحاد کی ضرورت ہے۔
فلسطینی وزیراعظم کے مطابق شرائط میں مزاحمت سے متعلق مسائل پر تفہیم بھی شامل ہے، ہم دیکھیں گے کہ آیا حماس ہمارے ساتھ آنے کو تیار ہے یا نہیں، ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن حماس تیار نہیں تو یہ ایک الگ بات ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ کے علاقے رفح میں بےگھر فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں، اسرائیلی بمباری سےکل سے اب تک مزید 127 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیلی محاصرے اور حملے کے بعد غزہ کا دوسرا بڑا ناصر اسپتال بھی غیر فعال ہوگیا ہے، عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے اسپتال میں 200 مریض پھنسے ہیں، اسرائیلی فوج امدادی ٹیم کو اندر نہیں جانے دے رہی۔
مقامی اور اقوامِ متحدہ کے صحت کے حکام نے کہا کہ لڑائی، ایندھن کی قلت اور اسرائیلی چھاپوں کی وجہ سے اتوار کے روز غزہ کی پٹی کا دوسرا بڑا ہسپتال مکمل طور پر بند ہو گیا،اسرائیل جنوبی شہر رفح پر حملے کی تیاری کر رہا ہے جو اب دس لاکھ سے زیادہ بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ ہے ، یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کے بارے میں بین الاقوامی برادری بشمول اسرائیل کے حمایتی امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ بہت زیادہ انسانی مصیبت و ابتلا کا سبب بنےگا۔
اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے نے غزہ کا بیشتر حصہ تباہ کر دیا ہے اور اس کے تقریباً تمام باشندوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا ہے، فلسطینی محکمۂ صحت کے حکام کہتے ہیں کہ 28,985 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں،غزہ کے بیشتر ہسپتال لڑائی اور ایندھن کی کمی کی وجہ سے خدمات کی فراہمی سے قاصر ہو گئے ہیں جس کی بنا پر 2.3 ملین کی آبادی صحت کی مناسب نگہداشت سے محروم ہے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے رائٹرز کو بتایا کہ جنوبی شہر خان یونس میں الناصر ہسپتال اتوار کی صبح خدمات سے قاصر ہو گیا، ہسپتال نے جنگ کے زخموں اور غزہ میں صحت کے بگڑتے ہوئے بحران سے دوچار مریضوں کو بدستور پناہ دی تھی لیکن ان سب کے علاج کے لیے کوئی بجلی اور کافی عملہ نہیں تھا یہ مکمل طور پر خدمت سے قاصر ہو گیا ہے۔ صرف چار میڈیکل ٹیمیں اور 25 کا عملہ فی الحال سہولت کے اندر مریضوں کی دیکھ بھال کر رہی ہیں ہسپتال کو پانی کی سپلائی رک گئی کیونکہ جنریٹر تین دن سے بند تھے، سیوریج کا پانی ایمرجنسی کمروں میں بھر گیا اور بقیہ عملے کے پاس انتہائی نگہداشت والے مریضوں کے علاج کا کوئی طریقہ نہیں تھاآکسیجن کی فراہمی کی کمی کم از کم سات مریضوں کی موت کا سبب بنی، یہ بھی بجلی نہ ہونے کا نتیجہ تھا۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف جاری اسرائیلی جنگ میں خود اسرائیلی فوج کو بھی بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہےکل ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی میں جاری لڑائیوں میں میگیلان سپیشل ریکونیسنس یونٹ کے دو فوجی زخمی ہوئے جب کہ 7 اکتوبرسے اب تک ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 573 ہو گئی۔
اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا کہ غزہ پرجنگ کے آغازسے اب تک اس کے 573 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی 2,918 ہو گئی ہے جمعہ کو اسرائیلی فوج نے دو اہلکاروں کی ہلاکت اور ایک افسر سمیت چھاتہ بردار یونٹ کے 4 ارکان کے زخمی ہونے کا اعلان کیا کل ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے فوجی 27 سالہ اوری یاش کی موت کا اعلان کیا ٹائمز آف اسرائیل نے اطلاع دی ہے کہ مرنے والوں میں "پانچ کرنل بھی شامل ہیں، جو کہ حالیہ یاد میں لڑائی میں مارے گئے سب سے سینیر افسر تھے”۔