پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے پائلٹس کی تنظیم ’پالپا‘ نے پائلٹس کی تنخواہوں میں فوری اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
پالپا کے جنرل سیکریٹری کیپٹن عمران ناریجو نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے تنخواہوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔کیپٹن عمران ناریجو نے اپنے مراسلے میں کہا کہ 2016 کے بعد سے پی آئی اے کے پائلٹس کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ایئر لائنز میں پائلٹس کو بہتر تنخواہیں اور مراعات دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے پائلٹس کی کم تنخواہوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں پائلٹس دیگر ایئر لائنز جوائن کر رہے ہیں، جو قومی ایئر لائن کے لیے نقصان دہ ہے۔پالپا کے جنرل سیکریٹری نے مزید کہا کہ ملک کی نجی ایئر لائنز اپنے پائلٹس کو بہتر تنخواہیں اور دیگر مراعات فراہم کر رہی ہیں، جبکہ اب یورپی ملکوں میں بھی پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی ہو چکی ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے فوری طور پر پائلٹس کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
کیپٹن عمران ناریجو نے یہ بھی کہا کہ پائلٹس کی تنخواہوں کو مارکیٹ کے مطابق بڑھایا جائے اور موجودہ معاشی حالات، بڑھتے ہوئے ٹیکسز اور مہنگائی کے پیش نظر تنخواہوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائلٹس کی تنخواہوں میں اضافہ ان کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ امور پر مثبت اثرات مرتب کرے گا، جس سے قومی ایئر لائن کی کارکردگی میں بہتری آ سکتی ہے۔اس مطالبے کے ذریعے پالپا نے پی آئی اے انتظامیہ سے یہ درخواست کی ہے کہ فوری طور پر پائلٹس کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ ایئر لائن کے پائلٹس کو دیگر ایئر لائنز کی طرف جانے سے روکا جا سکے اور قومی ایئر لائن کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
بھارت مالیاتی فراڈ کا مرکز ، عالمی سطح پر بڑھتے دھوکہ دہی کے واقعات
ایف ڈبلیو او کا خنجراب پاس کا تجارتی راستہ سال بھر کھلا رکھنے کا آپریشن