پیرس ایئرپورٹ پر دو رن ویز عارضی طور پر بند، کھوئے ہوئے معاون کتے "آملکا” کی تلاش جاری

پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پر منگل کے روز دو رن ویز عارضی طور پر بند کر دیے گئے جب حکام نے ایک ہفتہ قبل نقل و حمل کے دوران اپنے مالکان سے بچھڑ جانے والے ایک کھوئے ہوئے کتے کی تلاش کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کر دیا۔

آملکا، ایک دو سالہ کتا، اپنے مالک، کروشیا کے سیاح میسا کے ساتھ پیرس پہنچا تھا۔ وہ ویانا سے روانہ ہو کر ڈلاس جا رہے تھے کہ پیرس میں ایک وقفے کے دوران آملکا اپنے کریٹ سے باہر نکل گیا۔ ایئر فرانس کے مطابق، آملکا کا کریٹ مڈ فلائٹ ٹیربولنس کے دوران کھل گیا تھا، جس کے بعد وہ باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔آملکا کا وزن 15 کلوگرام ہے،اسے طیارے کے کارگو حصے میں سفر کرایا گیا تھا۔

یہ واقعہ پیش آنے کے بعد سے ایئر لائن کے عملے، رضاکاروں اور پولیس افسران نے مسلسل اس کھوئے ہوئے کتے کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔میسا، جو اس وقت پیرس میں ہی موجود ہیں، نے اس واقعے پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک فرانسیسی اخبار "لی پیریزیئن” سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "میرے پاس ایچ ڈی ایچ ڈی ہے اور آملکا کو میرے جذباتی معاون کتے کے طور پر تربیت دی گئی تھی۔ ایسی صورتحال میں وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہوتی تھی۔”

ایئر فرانس نے بھی اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے، "ایئر فرانس آملکا کے مالک کے جذبات اور فکر کو سمجھتا ہے اور اس نے ابتد سے ہی اس کی تلاش میں بھرپور تعاون کیا ہے۔” ایئر لائن نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس دوران مالک کا خیال رکھ رہی ہے۔

آملکا کی تلاش سوشل میڈیا پر بھی موضوع بحث بن چکی ہے اور میسا کی اپیل نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ اب تک آملکا کو ایئرپورٹ کے وسیع 33 مربع کلومیٹر کے علاقے میں کئی بار دیکھا جا چکا ہے، مگر ابھی تک اسے پکڑنا ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ ایئر فرانس کے ایک ترجمان نے بتایا، "آملکا کو کئی بار دیکھا گیا ہے اور اس کے قریب پہنچا گیا ہے، لیکن ابھی تک اسے قابو نہیں کیا جا سکا۔”

یہ واقعہ ایئرپورٹ کے انتہائی مصروف ماحول میں پیش آیا ہے، جہاں کھوئے ہوئے جانور کو تلاش کرنا ایک چیلنج بن چکا ہے، لیکن حکام کی کوششیں جاری ہیں تاکہ آملکا کو جلد سے جلد اس کے مالک کے پاس واپس لایا جا سکے۔

Shares: