جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتوئی میں سیکیورٹی فورسز اور عمائدین علاقہ کے مابین جرگہ ہوا، جس میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
جرگے کے دوران وِنگ کمانڈر نے مقامی افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی صورت میں دہشتگردوں کو پناہ یا سہولت فراہم نہ کریں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر آئندہ کسی آپریشن کے دوران دہشتگرد مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں، تو سیکیورٹی فورسز کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی ذمہ دار نہ ہوں گی۔وِنگ کمانڈر نے کہا کہ دہشتگرد عناصر نہ صرف ریاست کے لیے خطرہ ہیں بلکہ مقامی لوگوں کے امن و روزگار کے بھی دشمن ہیں۔ ان کے خاتمے کے لیے عوام اور فورسز کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ مشران نے ایف سی کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا دہشتگرد کی موجودگی کی فوری اطلاع دیں گے تاکہ خطے کا امن برقرار رہے۔