پاراچنار ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (PAA) اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی مشترکہ ٹیم نے پاراچنار ایئرپورٹ کا دورہ مکمل کیا ہے۔ یہ دورہ پاراچنار ایئرپورٹ پر تجارتی اور امدادی پروازوں کی بحالی کے امکانات اور ممکنہ اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا۔
جوائنٹ بورڈ آف آفیسرز نے ایئرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، تکنیکی پہلوؤں اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس جائزے میں ایئرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ، رن وے، فائر گیراجز، پی اے اے کی رہائش گاہ، جنریٹر روم اور دیگر آپریشنل سہولتوں کا معائنہ شامل تھا۔معائنے کے بعد ٹیم کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر پاراچنار سے بھی ملاقات کی، جس میں پاراچنار ایئرپورٹ پر آپریشنز کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایئرپورٹ کی دوبارہ فعالیت سے نہ صرف تجارتی پروازوں کے آپریشنز میں بہتری آئے گی بلکہ امدادی پروازوں کے لئے بھی یہ ایئرپورٹ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزارت دفاع کی ہدایت پر پی اے اے اور پی آئی اے کے ارکان پر مشتمل آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کا مقصد پاراچنار ایئرپورٹ کی بحالی اور اس کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔یہ اقدامات پاراچنار کے عوام کے لیے اہم ہیں، کیونکہ ایئرپورٹ کی فعالیت سے علاقے میں سفری سہولتیں بہتر ہوں گی اور کاروباری اور انسانی امداد کے لئے نئی راہیں کھلیں گی۔