متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آج یومِ پرچم کے موقع پر حکومت نے پرچم کی حرمت و عزت برقرار رکھنے کے لیے سخت ترین ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق، اماراتی پرچم کی توہین یا اس کا غلط استعمال ایک سنگین جرم تصور کیا جائے گا جس پر 25 سال تک قید اور 5 لاکھ درہم (تقریباً 3 کروڑ 78 لاکھ پاکستانی روپے) تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ پرچم کے ڈیزائن یا رنگوں کو کیک، غباروں، کپڑوں یا کسی اشتہاری مہم میں استعمال کرنا توہین کے زمرے میں آئے گا۔ اس کے علاوہ پرچم کو تجارتی یا ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا بھی قانونی طور پر ممنوع ہے۔وزارتِ انصاف اور وزارتِ داخلہ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ یومِ پرچم کے جشن کے دوران حب الوطنی کے جذبے کا اظہار ضرور کریں، لیکن قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی پرچم اتحاد، وقار اور قومیت کی علامت ہے، اور اس کے تقدس کی حفاظت ہر شہری اور رہائشی کا قومی و اخلاقی فریضہ ہے۔

واضح رہے کہ یو اے ای میں ہر سال 3 نومبر کو یومِ پرچم قومی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، جس میں سرکاری عمارات، اسکولوں، اداروں اور گھروں پر پرچم لہرائے جاتے ہیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پرچم کو مخصوص طریقہ کار کے مطابق بلند کریں، زمین پر نہ گرنے دیں، اور غفلت یا ناسمجھی میں اس کی توہین سے بچیں۔

Shares: