نوشہرہ: خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے کنڈ پارک میں کشتی ڈوبنے کے واقعے کے بعد پارک کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا-
با غی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں قائم کنڈ پارک کے دریائے کابل میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں متعدد افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے کچھ کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے،واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد کمشنر نوشہرہ نے کنڈ پارک مکمل بند کرنے کا حکم دے دیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کنڈ پارک میں تمام تفریحی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں ، حفاظتی اقدامات اور انتظامات یقینی بنانے تک یہاں عوامی داخلہ مکمل طورپر بند کردیا گیا ہے، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عید کے دنوں میں کشتی رانی اور نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی تھی تاہم پارک آنے والوں نے اس کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں حادثہ رونما ہوا۔