اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے کھانے سے لال بیگ نکلنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کے انتظامیہ کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ اقدام اراکین اسمبلی اور اسٹاف کی صحت اور صفائی کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق، قومی اسمبلی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کی موجودہ انتظامیہ کا کنٹریکٹ فوری طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ اسپیکر نے نہ صرف ارکان اسمبلی بلکہ اسمبلی کے تمام اسٹاف کے لیے بھی نئے کنٹریکٹر کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ صفائی اور کھانے کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔پارلیمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ کھانے سے کاکروچ یا لال بیگ نکلنے کا واقعہ تقریباً 10 دن پرانا ہے، اور اسے بہت سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے فوری کارروائی کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کے حامل نئے کنٹریکٹر کو ٹھیکہ دیا گیا ہے تاکہ اس قسم کی ناگوار صورتحال دوبارہ پیش نہ آئے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک رکن اسمبلی نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے کھانے کے ارد گرد لال بیگ گھومتے ہوئے دکھائے تھے۔ اس ویڈیو نے ارکان اسمبلی میں شدید تشویش اور برہمی پیدا کر دی تھی۔ ارکان نے نہ صرف کھانے کی صفائی پر سوال اٹھائے بلکہ اسمبلی کی لابی میں صفائی کی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔اس واقعے کے بعد پارلیمنٹ میں صفائی اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ نہ صرف اراکین اسمبلی بلکہ تمام عملے کے لیے صاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔








