پارلیمنٹ سپریم ادارہ ، جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے ،صادق سنجرانی

محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے۔ موجودہ دور میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے اور پاکستان نے جمہوریت کے فروغ کے لئے بے شمار قربانیاں پیش کیں

ان خیالات کا اظہارءچیئرمین سینیٹ نے منگل کو نو منتخب اراکین سینیٹ کو سینیٹ قواعد وضوابط سے آگاہی اور پارلیمانی امور سے متعلق تربیت فراہم کرنے کےلئے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات(PIPS (میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔چیئرمین سینیٹ نے نو منتخب ا راکین سینیٹ کو ادارہ برائے پارلیمانی خدمات سے تربیتی عمل میں خوش آمدید کیا اورکہا کہ ایسے تربیتی پروگراموں کی انتہائی اہمیت ہے، نئے ممبران سینیٹ اور کمیٹیوں کے چیئرمینوں کےلئے ایسے تربیتی کورس کا انعقاد ضروری ہے ۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات ایک منفرد ادارہ ہے اس سے مجھے بھی سیکھنے کا موقع ملاہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات پارلیمنٹرین اور سرکاری افسران کی تربیت کےلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انتہائی محنتی اور تجربہ کار افسران نئے اراکین پارلیمنٹ کو ہر قسم کی رہنمائی فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ اس ادارے سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ اور منیجمنٹ کی طرز پر کورسز متعارف کروا رہے ہیں اور اس حوالے سے ایکٹ میں ترمیم بھی کی جائے گی ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹرین کےلئے جدید دور کے تناظر میں چیلنجز کا سامنا کرنے کےلئے متعلقہ امور کی مہارت کا ہونا لازمی ہے اور نو منتخب اراکین سینیٹ کو آگاہی فراہم کر کے قانون سازی اور دیگر امور کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمنٹری خدمات کو مزید موثر بنانے کےلئے مخصوص انتظامی کورسز کے بارے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات سے پارلیمنٹرین کو حقائق پر مبنی معلومات اور تحقیق فراہم کی جائیں تاکہ وہ موثر قانون سازی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے اُمیدظاہر کی کہ اس تربیتی عمل سے پارلیمنٹرین موثر معلومات حاصل کر کے سود مند قانون سازی کے ذریعے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریںگے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ جدید دور میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نبردآزما ہونے کےلئے بنیادی معلومات و حقائق سے آگاہی ضروری ہے ۔انھوں نے کہا کہ 21 ویں صدی میں استعداد کار کو بہتر بنا کر مسائل کا حل وقت کی بنیادی ضرورت ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور حکومت کی مرکزی مشینری کی حیثیت رکھتا ہے ۔ نو منتخب اراکین کےلئے موثر قانون سازی کرنا اعزاز کی بات ہے جس کےلئے ہمیں سخت محنت کی ضرورت ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات پارلیمنٹرین کے لئے اپنی خدمات کو موثر انداز میں پیش کر کے بہتری پیدا کرے گا ۔

ایگزیگٹیوڈائریکٹر پپس محمد انور نے کہا کہ پارلیمانی امور تقریباً ہر ہاﺅس کےلئے یکساں ہیں لیکن اس حوالے سے پریکٹس مختلف ہے۔انھوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں کےلئے چیئرمین سینیٹ ہمیشہ فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔

Shares: