لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے اپنے ساتھیوں اور اراکین اسمبلی کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے، عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور ہم شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں موقع بھی فراہم کیا۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمارا اور ساتھیوں کا عمران خان کے ساتھ ہمیشہ رہے گا، ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک اور پنجاب کا فائدہ ہوگا، کبھی کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہماری پارٹی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے۔
اس سے پہلےسابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ق لیگ سے نکال دیا گیا۔مسلم لیگ ق نے چوہدری پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برخاست کردیا۔ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے 16 جنوری کو چوہدری پرویز الٰہی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جبکہ انہیں 26 جنوری کو لاہور میں غیرآئینی اجلاس بلانے پر بھی نوٹس دیا گیا تھا۔
چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے نوٹسز کا جواب نہ دینے پر ان کی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں تمام عہدوں سے برخاست کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے مقرر کردہ تمام پارٹی عہدے بھی واپس لے گئے ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی آئندہ مسلم لیگ ق کا نام استعمال نہیں کرسکیں گے۔پارٹی ترجمان مصطفیٰ ملک نے چوہدری پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی تصدیق کردی۔