لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہی کو عدالتی حکم کے باوجود گرفتار کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری پرویز الہٰی کو عدالتی حکم کے باوجود گرفتار کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سلطان تنویر احمد نے چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اور ایس پی آپریشنز کے پیش نہ ہونے پر افسوس کا اظہارِ کیا عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تینوں افسران پیش ہوئے اور نہ ہی جواب داخل کرایا، آئی جی اسلام آباد وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے،بعدازاں عدالت نے آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا –
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سلطان تنویر احمد نے پرویز الہٰی کو بحفاظت گھر نہ پہچانے کے معاملے پر ایس ایس پی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا،عدالت نے 18 دسمبر کو ایس ایس پی اسلام آباد کو پیش ہونے یا پھر بذریعہ وکیل پیش ہونے کا حکم دیا تھا ،عدالت نے اپنے احکامات پر عمل نہ کرنے پر ایس ایس پی اسلام آباد سے توہین عدالت کی وضاحت طلب کی ۔
یاد رہے کہ پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہی نے توہین عدالت کی درخواست ہائیکورٹ دائر کررکھی ہے۔