پرویز الہی کی جیل میں طبعیت ناساز ہو گئی

صدر پی ٹی آئی کو جیل اسپتال سے دوبارہ بیرک منتقل کر دیا گیا
0
157
pti

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کی جیل میں طبعیت ناساز ہوگئی۔

باغی ٹی وی : ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کی جیل میں طبعیت ناساز ہونے کے بعد انہیں جیل اسپتال منتقل کیا گیا جیل ڈاکٹرز کی جانب سے پرویز الہیٰ کا طبی معائنہ کیا گیا، پرویز الہیٰ کے خون کے نمونے لیے گئے اور بلڈ پریشر چیک کیا گیا، جس کے بعد صدر پی ٹی آئی کو جیل اسپتال سے دوبارہ بیرک منتقل کیا گیا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی عدالتی حکم کے باوجود گرفتاری کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کا تحریری حکم جاری کیا تھا لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ بحال رکھے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد کو تحریری حکم کی کاپی ارسال کی جائے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد اس معاملے پر عدالتی معاونت کے لیے کوئی افسر مقرر کرے، شک ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کو دائرہ اختیار کا غلط مشورہ دیا گیا، آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کے بار بار وارنٹ گرفتاری اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے دونوں افسران عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی کوئی جواب دیا، عدالت مزید سماعت 18 دسمبر کو کرے گی۔

دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں نو منتخب عہدیداروں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا نوٹیفکیشن کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی مرکزی صدر جبکہ فردوس شمیم نقوی کو مرکزی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے-

Leave a reply