لاہور:چودھری پرویزالٰہی نے نیب کی جانب سے جاری کردہ خبر کی تردید کی ہے-
باغی ٹی وی: چودھری پرویزالٰہی نے بیان میں کہا کہ آج نیب نے من گھڑت اور جھوٹی خبر چلائی ہے، سیکڑوں سرکاری ملازمین کو اغوا کر کے مار پیٹ کر کے پلی بارگین کی گئی ہے انہوں نے جو پیسے دیے ہیں ان کو میرے ساتھ خوامخواہ منسلک کیا جا رہا ہے، یہ سارا جھوٹ کا پلندا ہے، نہ تو میں نے کرپشن کی ہے اور نہ ہی میں نے کوئی پلی بارگین کی ہےمیرے خلاف 25 جعلی کیس بنے، یہ مزید 25 کیس اور بھی بنا لیں میں عمران خان کے ساتھ ہوں اور رہوں گا انشاء اللہ۔
واضح رہے کہ ترجمان نیب لاہور نے کہا تھا کہ ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے 3 کروڑ 68 لاکھ مالیت کا چیک پنجاب حکومت کے حوالے کیا۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی موجودگی میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عبدالاصمد نے وصول کیاریکوری سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی و دیگر کیخلاف تعمیراتی ٹھیکوں میں کک بیکس کیس میں ہوئی۔ سابق چیف فنانشل آفیسر اکرام نوید سے پلی بارگین سے 1 کروڑ 72 لاکھ روپے وصول کئے گئے۔
ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کا کہنا تھا کہ کرپشن اسکینڈلز میں قومی دولت کی برآمدگی نیب کی اولین ترجیح ہے، ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں لاہور بیورو بہترین کام کر رہا ہے، نیب کے تمام اقدامات ملکی و عوامی مفاد میں ہونگے۔








