سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کردی گئی۔

باغی ٹی وی: نماز جنازہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائر قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائر اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور فروغ نسیم نے بھی شرکت کی۔


جس کے بعد چنیسر گوٹھ کے قریب واقع آرمی قبرستان میں انہیں سپرد خاک کیا گیا فوجی قبرستان کے اطراف سکیورٹی اہل کار تعینات کیےگئے ہیں ۔

واضح رہے کہ 5 فروری کو سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے تھے وہ طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے گزشتہ شب سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو لے کرخصوصی طیارہ دبئی سے کراچی پہنچا تھا، خصوصی طیارے سے پرویز مشرف کی اہلیہ، بیٹی اور صاحبزدے بھی کراچی پہنچے تھے –

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں مکمل فوجی اعزاز اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا تاہم حکومت کی طرف سے ان کی تدفین سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کیے جانے کے بعد دبئی سے خصوصی طیارہ سابق صدرکی میت کو ان کے اہلخانہ کے ہمراہ لے کر پیر کی رات کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا جہاں پر پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات امیگریشن افسر نے رکھ لیں تھیں-

وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) ذرائع کا کہناتھاکہ پرویزمشرف کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات امیگریشن افسر نے رکھ لیں،دستاویزات رکھنے کے بعد میت لے جانے کی سفری دستاویز جاری کی گئی سفری دستاویزات ایف آئی اے کے پاس موجود رہیں گی۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی سفری دستاویزات حاکم بادشاہ نامی شخص نے ایف آئی اے کے حوالے کیں، پرویزمشرف مرحوم کا پاسپورٹ 5 جنوری 2023 کو ایکسپائر ہوچکا تھا۔

سابق آرمی چیف اتوار کے روزطویل علالت کے باعث دبئی میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ وہ امائلائیڈوسس نامی غیر معمولی بیماری میں مبتلا تھے-

جنرل (ر) پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تھے، 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔

سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے، پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہوکر ملک سے باہر چلےگئے تھے۔

پرویز مشرف کی میت لانے والا خصوصی طیارہ کراچی ائیر پورٹ پہنچ گیا

Shares: