قطر ایئرویز کی ایک پرواز میں 85 سالہ ویجیٹرین (سبزی خور) مسافر ڈاکٹر اشوکا جے ویرہ دورانِ پرواز دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے، جب انہیں پہلے سے آرڈر کیے گئے سبزی والے کھانے کے بجائے گوشت پر مشتمل کھانا پیش کیا گیا۔

یہ افسوسناک واقعہ 30 جون 2023 کو لاس اینجلس سے کولمبو جانے والی قطر ایئرویز کی طویل پرواز میں پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر اشوکا جے ویرہ، جو امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے معروف ریٹائرڈ کارڈیالوجسٹ تھے، نے 15 گھنٹے سے زائد دورانیے کی پرواز کے لیے ویجیٹرین کھانا پہلے سے بک کرایا تھا۔پرواز کے دوران عملے نے انہیں بتایا کہ ویجیٹرین کھانے دستیاب نہیں، اور اس کے بجائے گوشت والا عام کھانا دے دیا۔تاہم، کھانا کھاتے وقت ان کا دم گھٹنے لگا اور وہ بے ہوش ہوگئے۔ فلائٹ عملے نے فوری طبی امداد کی کوشش کی، ماہرین سے رابطہ کیا، لیکن حالت مزید بگڑ گئی۔ پرواز کو ہنگامی طور پر ایڈنبرا (اسکاٹ لینڈ) اتارا گیا، جہاں ڈاکٹر جے ویرہ کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہ چند دن بعد، 3 اگست 2023 کو انتقال کر گئے۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت Aspiration Pneumonia یعنی خوراک یا مائع کے سانس کی نالی میں چلے جانے سے پیدا ہونے والے پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث ہوئی۔

مرنے والے کے بیٹے سوریہ جے ویرہ نے قطر ایئرویز کے خلاف غلط موت اور غفلت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایئرلائن نے پہلے سے آرڈر کیے گئے ویجیٹرین کھانے کی فراہمی میں کوتاہی کی، اور بعد میں پیش آنے والی طبی ہنگامی صورتحال پر مناسب ردعمل نہیں دیا۔مدعی نے ایئرلائن سے 128,821 ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے، جو قانونی طور پر مقررہ کم از کم معاوضہ ہے۔مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر اور امریکہ دونوں مونٹریال کنونشن (Montreal Convention) کے دستخط کنندہ ممالک ہیں، جس کے تحت بین الاقوامی پروازوں میں کسی حادثے یا مسافر کی موت کی صورت میں ایئرلائنز پر سخت ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس کنونشن کے مطابق ایئرلائن کو ہلاک شدہ یا زخمی مسافروں کے لواحقین کو تقریباً 175,000 ڈالر تک کا معاوضہ ادا کرنا ہوتا ہے۔

یہ واقعہ بین الاقوامی سطح پر ایئرلائنز کی پالیسیوں، مسافروں کے غذائی تقاضوں اور خاص طور پر بزرگ یا حساس مسافروں کے لیے حفاظتی اقدامات پر سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں جب قطر ایئرویز یا دیگر ایئرلائنز میں مسافروں کو مخصوص غذائی ہدایات کے باوجود خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو۔گزشتہ سال برطانوی ریئلٹی اسٹار جیک فاؤلر کو قطر ایئرویز کی دبئی جانے والی پرواز میں نٹس والے کھانے سے شدید الرجی کا سامنا ہوا تھا، حالانکہ انہوں نے پہلے ہی اپنی الرجی سے آگاہ کر رکھا تھا۔ اسی نوعیت کا واقعہ ان کے ساتھ ایک سال قبل بھی پیش آیا تھا۔اسی طرح سنگاپور ایئرلائنز کی ایک پرواز کو رواں سال گرمیوں میں پیرس موڑنا پڑا، جب ایک 41 سالہ خاتون مسافر جھینگے سے الرجک ردعمل کے باعث شدید بیمار ہوگئیں۔

Shares: