رحیم یار خان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر نامعلوم افراد نے گھس کر فائرنگ کردی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کا شوہر شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب ملزمان جوڑے کے گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ مقتولہ اور اس کا شوہر آٹھ ماہ قبل کراچی میں پسند کی شادی کرکے رحیم یار خان منتقل ہوئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کا محرک "پسند کی شادی” معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی یہ تعین کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کا مقتولہ اور زخمی نوجوان سے کیا تعلق ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ زخمی نوجوان کی حالت تشویشناک ہے اور اسے طبی امداد دی جا رہی ہے