اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع سکیل بستی مہر کالو سیال میں غیرت کے نام پر پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پسند کی شادی کی خواہش پر ایک نوجوان لڑکی کو اس کے باپ اور بھائی نے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ اس واقعے نے پورے علاقے کو غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتولہ سلمہ بی بی کئی برسوں سے اپنی خالہ کے ساتھ احمد پور شرقیہ میں مقیم تھی اور ایک مقامی میڈیکل ادارے میں ملازمت کرتی تھی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی اپنی پسند کے رشتے میں شادی کرنا چاہتی تھی، جس پر گھر والے سخت ناراض تھے۔

چند روز قبل والد نے اسے یہ کہہ کر گھر بلوایا کہ اس کی مرضی کے مطابق شادی کر دی جائے گی۔ لڑکی خوشی خوشی گھر لوٹ آئی، مگر اس کے پیچھے ایک خوفناک منصوبہ چھپا تھا۔

واقعے کی رات تقریباً 10 بجے والد مہر طالب اور بھائی نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں نیم مردہ حالت میں موٹر سائیکل پر ڈال کر کھیتوں کی طرف لے جایا گیا اور ویرانے میں پھینک دیا گیا۔

اہل علاقہ کے مطابق مقتولہ پوری رات لاپتہ رہی۔ صبح ہونے پر تھانہ ڈیرہ نواب پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران سرسوں کی فصل سے لڑکی کی لاش برآمد کر لی گئی۔ دل خراش منظر دیکھ کر پورا علاقہ سوگوار ہو گیا۔

پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا، جہاں پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق لڑکی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور والد و بھائی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اس واردات کو غیرت کے نام پر قتل کی ایک اور دل خراش مثال قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی اور مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق پسند کی شادی کا حق حاصل کرنے کی خواہش کوئی جرم نہیں، مگر معاشرتی جبر نے ایک اور معصوم جان لے لی۔

ذرائع کے مطابق سلمہ بی بی کی شادی اور رخصتی ایک روز بعد ہونا طے تھی، مگر خاندانی ضد اور فرسودہ روایات نے اسے زندگی کی دہلیز تک پہنچنے سے پہلے ہی موت کے حوالے کر دیا۔

پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Shares: