سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) پسرور میں تھانہ صدر کی حدود میں چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں مسلسل اضافے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ حالیہ واقعے میں تھانہ صدر پسرور کی حدود میں پسرور-سیالکوٹ روڈ پر واقع کولڈ سٹور رامکے کے قریب ایک بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔
تفصیلات کے مطابق رانا عدیل ولد شوکت علی، جو پراسیکیوٹر ہیں، کولڈ سٹور رامکے کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اچانک جھاڑیوں سے نکل کر تین نامعلوم مسلح ڈاکو سامنے آ گئے۔ انہوں نے اسلحے کے زور پر رانا عدیل کو روکا اور ان سے 24 ماڈل ہنڈا موٹر سائیکل CG 125، 32 ہزار روپے نقدی اور ایک vivo موبائل فون (جس کی مالیت تقریباً پچاس ہزار روپے بتائی جا رہی ہے) چھین کر پسرور سٹی کی جانب فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف تھانہ صدر پسرور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔