سیالکوٹ (باغی ٹی وی نامہ نگار مدثر رتو)پسرور میں ٹریفک پولیس نے شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے اہم کارروائی کا آغاز کر دیا۔ انچارج ٹریفک انسپکٹر ملک ذیشان حسین نے ڈی ایس پی صدر عدنان قاسم کی زیرِ قیادت متعدد بار شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ موٹرسائیکل پر نمبر پلیٹ لگوائیں اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، تاہم شہریوں کی عدم توجہ پر پولیس نے سخت کارروائی شروع کر دی۔
انسپکٹر ملک ذیشان کے مطابق بغیر ہیلمٹ اور بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے فری ہیلمٹس بھی تقسیم کیے گئے، مگر بیشتر افراد نے ٹریفک قوانین کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق “صاف اور محفوظ پنجاب” مہم کے تحت سموگ پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک 1500 سے زائد شہریوں کے چالان کیے جا چکے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال کریں، موٹرسائیکل پر نمبر پلیٹ لازمی لگوائیں اور خود کو حادثات سے محفوظ رکھیں۔








