سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)پسرور میں ڈمپروں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے دن کے اوقات میں داخلے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ کچہری روڈ اور ڈسکہ روڈ پر بے ہنگم ٹریفک کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ٹریفک وارڈن پولیس غائب نظر آتی ہے۔

کچہری سے چاہ کھوکھراں تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں، جبکہ شہر بھر میں ڈمپروں کی بھرمار سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ ٹمبر مارکیٹ، پرانا اڈہ لاریاں، ڈسکہ چوک سمیت مختلف مقامات پر بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، جبکہ ٹریفک وارڈن پولیس کی عدم موجودگی شہریوں کے لیے مزید پریشانی کا باعث بنی۔

شہریوں نے ڈی ایس پی سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ٹریفک بحال کی جائے اور دن کے اوقات میں ڈمپروں کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جائے۔

عوام کا مزید کہنا ہے کہ کچہری چوک، ڈسکہ موڑ، ستراہ چوک، امن چوک، غلہ منڈی چوک اور شاہ ببن گیٹ سمیت دیگر اہم مقامات پر ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

Shares: