سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے نواحی علاقے ستراہ میں ایک پیٹرول پمپ پر معمولی تکرار پر مالک کے بیٹے نے ایک نوجوان پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔
یہ افسوسناک واقعہ موضع کوٹ موکھل کے رہائشی قاسم کے ساتھ پیش آیا، جب وہ پیٹرول ڈلوا رہا تھا۔ پیٹرول پمپ کے مالک کے بیٹے انتظار علی اور اس کے ساتھی تیمور کے ساتھ توں تکرار ہوئی، جس پر طیش میں آ کر انہوں نے قاسم پر پیٹرول پھینک کر اسے آگ لگا دی۔ اس واقعے کے بعد کوٹ موکھل گاؤں کے شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پسرور-گوجرانوالہ روڈ کو بلاک کر دیا۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ ستراہ کی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم انتظار علی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، دونوں ملزمان نے پرانی رنجش کی بنا پر قاسم کو آگ لگائی تھی۔
ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور دوسرے ملزم تیمور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔