شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت میں دوسرے بیچ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ 23 دسمبر 2024 کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر فارغ التحصیل ہونے والی 64 لیڈی کیڈٹس نے اپنی تربیت اور محنت کا شاندار مظاہرہ کیا۔
پریڈ کی تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر 12 کور، لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے، جنہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور فلاح میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ایسی تربیتی ادارے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ ڈاکٹر مالک بلوچ، ممبر بلوچستان اسمبلی، آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور علاقے کے معززین کے علاوہ کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد بھی اس تقریب میں شریک ہوئی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں لیڈی کیڈٹس نے اپنی تربیت کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ کیڈٹس نے مارچ پاسٹ اور مارشل آرٹس کے مختلف فنون کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ ان کی محنت، عزم اور انضباط نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔پاس آؤٹ ہونے والی کیڈٹس میں سے 90 فیصد کا تعلق بلوچستان کے مختلف ڈویژنز جیسے مکران، قلات، رخشان، سبی، ژوب، لورالائی اور نصیرآباد سے ہے۔ یہ بات اس بات کا غماز ہے کہ شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج نہ صرف تربت بلکہ پورے بلوچستان کی بچیوں کی تربیت اور فلاح کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر شاندار کارکردگی دکھانے والی کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اوور آل بیسٹ کیڈٹ کا اعزاز آمنہ عثمان کو دیا گیا، جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے کالج کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انعامات کی تقسیم کے دوران تمام کیڈٹس کی محنت کو سراہا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت، بلوچستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے جس کا قیام 2021 میں عمل میں آیا۔ کالج میں 400 لیڈی کیڈٹس کی تربیت کی گنجائش ہے اور اب تک دو بیچز میں 131 لیڈی کیڈٹس کامیابی کے ساتھ فارغ التحصیل ہو چکی ہیں۔ یہ کالج نہ صرف بچیوں کو معیاری تعلیم اور تربیت فراہم کر رہا ہے بلکہ بلوچستان میں خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت خواتین کی تعلیم اور تربیت میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف لڑکیوں کو تعلیمی لحاظ سے مضبوط کرتا ہے بلکہ ان میں قائدانہ صلاحیتوں اور جسمانی قوت کو بھی بڑھاتا ہے، تاکہ وہ معاشرتی سطح پر مضبوط اور خودمختار خواتین کے طور پر اُبھر سکیں۔شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج کی کامیاب پاسنگ آؤٹ پریڈ ایک اور کامیاب قدم ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کی تعلیم اور ان کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انسانی سمگلنگ میں ملوث گینگ بے نقاب، ایف آئی اے کی کارروائیاں
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست شپنگ روٹ، مثبت نتائج