قصور،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو)پتوکی کے نواحی علاقے پھولنگر کے گاؤں بلوکی سرائے مغل روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر کے کچن میں لگنے والی آگ نے دو معذور بچیوں کی جان لے لی۔ سات سالہ عائشہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ تین سالہ سونیا شدید زخمی ہو گئی، جو اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ گزشتہ روز سجاد نامی شخص کے گھر میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق بچیاں کچن میں موجود چارپائی پر تھیں جب اچانک چھپر میں آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے کچن کو لپیٹ میں لے لیا اور بچیاں شدید جھلس گئیں۔
اہل خانہ اور محلے داروں نے فوری طور پر ریسکیو کو اطلاع دی، جس کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی بچیوں کو طبی امداد فراہم کی اور تین سالہ سونیا کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) پھول نگر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی مکمل جانچ کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
دوسری طرف ڈپٹی کمشنر قصور نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور ان کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم بچیوں کے لواحقین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں غم کی فضا طاری ہے، جبکہ شہریوں نے حکومت سے ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔