اوچ شریف : پرائیویٹ منشی رکھنے پر پابندی،پٹواری بادشاہوں نے ہائیکورٹ کا حکم ہوا میں اُڑا دیا

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)پرائیویٹ منشی رکھنے کی پابندی،پٹواری بادشاہوں نے ہائیکورٹ کا حکم ہوا میں اُڑا دیا
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے حکم کی کھلم کھلاخلاف ورزی کرتے ہوئے محکمہ مال کے پٹواریوں نے تمام سرکاری ریکارڈ پرائیویٹ منشیوں کے حوالے کرکردیا ، پابندی کے باوجود محکمہ ریونیو احمد پور شرقیہ اور اوچشریف میں تاحال پٹواریوں کا منشیوں کے ذریعے بادشاہی نظام قائم ودائم ہے، عوام جائز کام کیلئے بھی مافیا کے رحم و کرم پر ہے تحصیل و ضلعی انتظامیہ کا مبینہ طور پر باقاعدہ حصہ لینے کا انکشاف ہوا ہے، رجسٹری برانچ اور نجی پٹوارخانوں میں سرعام رشوت لینا معمول بن چکا ہے، سب تحصیل اوچشریف میں اعلیٰ افسران کی ناک تلے پرائیویٹ منشی شہریوں کو لوٹنے لگے ہیں پرائیوٹ منشی ریونیو محکمہ کے پٹواریوں کی موجودگی میں رشوت رقم لیکر تحصیل داروں سے رجسٹری کے بیان کروا رہے ہیں ہر فرد سے ایک ہزار روپے تا پانچ ہزار روپے رشوت ریٹ وصول کرنے لگے ہیں، تحصیل احمد پور شرقیہ اوچ شریف رجسٹری برانچوں میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے، اور اسوقت صورتحال یہ ہے کہ سرکاری ریٹ پر رجسٹری کروانا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے، جبکہ رشوت نہ دینے والے سائل کو عملہ ذلیل و خوار کرتے ہوئے متعدد چکر لگواۓ رکھتا ہے، رجسٹری برانچ دفاتر میں سائلین ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔دفتر میں آنے والے سائلین سے رجسٹری کروانے کے لیے بھاری رشوت وصول کرنا عملہ نے اپنے پرائیویٹ منشیوں کے ذریعے وطیرہ بنا لیا ہے جبکہ سرکاری ریٹ پر رجسٹری کا حصول ناممکن ہو چکا ہے۔رشوت نہ دینے والے سائل کی رجسٹری پر اعتراضات لگا دینا متعلقہ آفیسران کا معمول بن گیا ہے۔رجسٹری برانچ میں کام کے سلسلہ سے آنے والے شہریوں امتیاز،عامر،راشد، نواز،عنصر،رمضان و دیگر نے بتایا کہ محکمہ ریونیو کے پٹواریوں خواجہ خیرات حسین، رفیق لنگاہ، اقبال بربرا نے مبینہ طور پر پرائیویٹ منشی خواجہ مطہر حسین، شاکر جاوید، علی، محمد صابر، ربنواز، محمد اکرم، ارشاد احمد، محمد اقبال، محمد نوید وغیرہ رکھے ہوئے ہیں اور ایک ایک پٹواری کے پاس تیس تیس مواضعات ملے ہوئے ہیں جن کی فرد بدر رجسٹری انتقال کرانے کے لیے اپنے ٹاؤٹ حضرات کے ذریعے رجسٹری کروانے کے لیے آنے والے سائلین سے مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہیں۔رشوت وصولی کا یہ سلسلہ ان دفاتر میں عرصہ دارز سے جاری ہے۔شہریوں نے مزید بتایا کہ رجسٹری برانچوں میں ہونے والی کرپشن کے متعلق شکایات کرنے کے باوجود بھی متعلقہ آفیسران خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔شہریوں نے سیکرٹری ریونیو پنجاب، کمشنر بہاولپور سے رجسٹری برانچوں میں ہونے والی مبینہ کرپشن کیخلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply