کراچی: پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے سال 2024-25 کے نئے عہدیداروں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پی بی اے کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں کیا گیا جو کہ 25-2024 کو شہر قائد کراچی میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ٹی وی اور ریڈیو کیٹگری سے تعلق رکھنے والے ارکان نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں میاں عامر محمود کو چیئرمین پی بی اے منتخب کیا گیا۔ میاں عامر محمود کا تعلق دنیا میڈیا گروپ اور پنجاب گروپ سے ہے، جہاں وہ چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہیں۔ ان کی انتخابی کامیابی سے پی بی اے کی قیادت میں ایک نیا دور شروع ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔اجلاس کے دوران دیگر اہم عہدوں پر بھی انتخابات ہوئے۔ ڈان نیوز کے سی ای او شکیل مسعود کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال کو سینئر وائس چیئرمین کی ذمہ داری سونپی گئی۔
جیو نیوز کے سی ای او ابراہیم رحمان کو وائس چیئرمین اور آج ٹی وی کے احمد زبیری کو جوائنٹ سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ اسی طرح کے ٹی این کے اختر قاضی کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔پی بی اے کی جنرل باڈی نے تین نئے بورڈ ارکان کا بھی انتخاب کیا، جن میں نیو نیوز کے چوہدری عبدالرحمان، مہران ٹی وی کے غلام نبی مورائی، اور ڈسکور پاکستان کے قیصر رفیق شامل ہیں۔ یہ انتخابات پی بی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ملکی میڈیا کے شعبے میں جدید تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ نئے عہدیداروں کی قیادت میں پی بی اے کے ارکان کے لیے ترقی اور بہتری کے نئے مواقع فراہم ہونے کی امید کی جارہی ہے۔میاں عامر محمود کے چیئرمین منتخب ہونے پر ان کے حامیوں نے خوشی کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں پی بی اے میڈیا کی بہتری کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔